Election 2018

کے پی اور سندھ اسمبلی اراکین نے حلف اٹھا لیا، بلوچستان والے کچھ دیر بعد حلف لیں گے

سندھ اور خیبر پختونخوا اسمبلی کے ارکان نے حلف اٹھا لیا جب کہ بلوچستان اسمبلی کا اجلاس کچھ ہی دیر میں شروع ہوگا۔
قائم مقام گورنر سندھ آغا سراج درانی،گورنر خیبرپختونخوا اقبال ظفر جھگڑا اور گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی نے نگران وزرائے اعلیٰ کی تجاویز پر آج طلب کیا ہے۔
سندھ اسمبلی
سندھ اسمبلی کے افتتاحی اجلاس کے موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔
کورٹ روڈ پر ٹریفک کی روانی متاثر ہونے پر شدید ٹریفک جام ہوگیا جس کے بعد کئی ارکان کو پیدل اسمبلی آنا پڑا جس میں حلیم عادل شیخ اور سعید غنی شامل ہیں۔
سندھ اسمبلی کے ارکان نے حلف اٹھا لیا ہے اور نومنتخب ارکان سے اسپیکر آغا سراج درانی نے حلف لیا جس کے بعد ارکان اسمبلی کے رجسٹر میں حروف تہجی کے تحت دستخط کریں گے۔
سندھ اسمبلی میں بعض ارکان نے سندھی اور کچھ نے انگریزی میں حلف اٹھایا۔
پی ٹی آئی کے نو منتخب رکن اسمبلی فردوس شمیم نقوی کا سندھ اسمبلی پہنچنے پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا ہے کہ نیا پاکستان بنانے میں کلیدی کردار ادا کرنا ہے اور پیپلز پارٹی سے مل کر بہتر تبدیلی کے لیے کام کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ سندھ میں بہتر اپوزیشن کا کردار ادا کریں گے، پانی بجلی صحت اور تعلیم کے مسائل حل کرنے کی کوشش کریں گی اور کرپشن کے خاتمے کے لئیے جد و جہد جاری رہے گی۔
خیبرپختونخوا اسمبلی
کے پی کے اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر اسمبلی کی عمارت ریڈ زون قرار دی گئی ہے اور اسمبلی اجلاس کے موقع پر400 پولیس اہلکار تعینات ہیں۔
خیبرپختونخوا اسمبلی اجلاس کا وقت ہونے پر گھنٹیاں بجنا شروع ہوگئی تھیں جس کے بعد اجلاس شروع کیا گیا۔
اپوزیشن اراکین نے اسمبلی کے افتتاحی اجلاس میں بازوؤں پر سیاہ پٹیاں باندھ کر شرکت کی۔
خیبرپختونخوا اسمبلی کے نومنتخب اراکین نے حلف اٹھا لیا اور اسپیکر اسد قیصر کی غیر موجودگی میں اورنگزیب نلوٹھہ نے نومنتخب اراکین خیبرپختونخوا اسمبلی سے حلف لیا۔
حلف کے بعد ارکان اسمبلی رولز کے مطابق اسمبلی رجسٹر پر حروف تہجی کے تحت دستخط کیے جارہے ہیں۔
یاد رہے کہ اسد قیصر نے بطور رکن قومی اسمبلی حلف اٹھالیا ہے اور وہ قومی اسمبلی میں پی ٹی آئی کے اسپیکر کے امیدوار ہیں۔
بلوچستان اسمبلی
بلوچستان اسمبلی کے افتتاحی اجلاس کے موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔
اجلاس میں شرکت کے لیے نومنتخب اراکین کی آمد کا سلسلہ جاری ہے اور کچھ دیر بعد اجلاس شروع کیا جائے گا۔
یاد رہے کہ پنجاب اسمبلی کا اجلاس 15 اگست کو طلب کیاگیا ہے جس میں نو منتخب اراکین اسمبلی حلف اٹھائیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں