پیٹرول کی قیمت میں اضافہ تاریخ کی سب سے بڑی ڈکیتی ہے، رانا ثنا اللہ

اسلام آباد: مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ پیٹرول کی قیمت میں اضافہ تاریخ کی سب سے بڑی ڈکیتی ہے۔

قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ اسد عمر نے کہا کہ ہم نے ڈالر کو آزاد کرایا ، ڈالرز کو کس مافیا نے خرید کر اربوں روپے کمائے، ادویات کی قیمتوں پر کوئی ایکشن نہیں لیا گیا، آٹے کی قیمتوں میں اضافہ ہوا حکومت کواحساس ہی نہیں ہوا، پیٹرول کی قیمت میں اضافہ تاریخ کی سب سے بڑی ڈکیتی ہے، پیرول سستا ہوا تو حکومت کو بلیک میل کرکے ذخیرہ کیاگیا ، مافیا نے قیمتیں کم ہونے پر تیل ذخیرہ کرکے سپلائی روک لی اور تیل کی قیمتوں میں اضافے سے اربوں کا فائدہ اٹھایا۔رہنما (ن) لیگ کا کہنا تھا کہ حکومت انتقام میں انتہا پر چلی جاتی ہے، ایف آئی اے اور آئی بی وزارت داخلہ کے ماتحت ہیں، اربوں کی ڈکیتی ہو رہی ہے، یہ ادارے کیا کام کر رہے ہیں، مافیاز کے خلاف کون کارروائیاں کررہا ہے؟ جن کو مافیا کے پیچھے لگانا تھا ان کو اپوزیشن کے تعاقب میں لگا دیا، یہ ادارے مافیا کی معلومات اکھٹی نہیں کرتے، پوزیشن کے پیچھے پھرتے ہیں ،ہمیں یہ معلوم نہیں ہورہا کہ یہ خود مافیا ہیں یا مافیا ان کے اندر ہے، پیٹرول مافیا نے جو کل ڈکیتی کی ہے اس پر عوام کو بےوقوف بنانے کے لیے ایک کمیشن بنا دیں۔رانا ثنا اللہ نے کہا کہ پی آئی اے کی رپورٹ جو وزیر نے پیش کی وہ ابتدائی رپورٹ ہے ،مرحوم پائلٹ کو جس طرح ذمہ دار ٹھہرایا گیا وہ انتہائی نامناسب ہے،وفاقی وزیر نے خود ہی پی آئی اے کو دنیا کے سامنے بد نام کر دیا صرف اس لیے کہ (ن) لیگ اور پیپلز پارٹی کو بدنام کیا جا سکے،اب دنیا کے سامنے پی آئی اے بالکل ختم ہو چکا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں