پیراگون اسکینڈل کیس:خواجہ برادران کے جوڈیشل ریمانڈ میں 28ستمبر تک توسیع

لاہور:پیراگون ہاؤسنگ اسکینڈل کیس میں گرفتار لیگی رہنما خواجہ سعد رفیق اور سلمان رفیق کے جوڈیشل ریمانڈ میں 28ستمبر تک توسیع کردی۔لاہور کی احتساب عدالت کے جج جواد الحسن کے روبرو کیس کی سماعت کے دوران خواجہ برادران کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ یہ کیس نیب کے دائر اختیار میں نہیں آتا۔ کسی کمپنی کے متعلق تحقیقات یا کارروائی کرنا ایس ای سی پی کا اختیار ہے۔ ایس ای سی پی کے پاس کوئی شکایت درج نہیں، بغیر شکایت کے ایس ای سی پی ایکشن نہیں لے سکتا اور نہ ہی اس کے پاس از خود نوٹس کا اختیار ہے۔عدالت نے استفسار کیا کہ اگر ادارے خاموش رہیں اور کارروائی نہ کریں تو کیا کیا جائے۔خواجہ برادران کے وکیل نے کہا کہ سعد رفیق اور سلمان رفیق پر اختیارات سے تجاوز یا کرپشن کا کوئی الزام نہیں۔
نیب پراسیکیوٹر نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ فرد جرم عائد ہونے کے بعد عدالتی دائرہ اختیار کو چیلنج نہیں کیا جاسکتا، فرد جرم عائد ہونے کا مطلب ہے کہ عدالت نے اپنا دائرہ اختیار تسلیم کرلیا، ایس ای سی پی ایکٹ نیب کو کارروائی سے نہیں روکتا، ہمارا کیس ہے کہ پیراگون میں عوام سے فراڈ کیا گیا۔عدالت نے خواجہ برادران پر فرد جرم ختم کرنے کی درخواست پر فریقین سے مزید دلائل طلب کرتے ہوئے سماعت 28ستمبر تک ملتوی کر دی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں