” پاکستان پر حملہ، چین پر حملہ ہوگا” چینی حکام نے پاک فوج کو یقین دہانی کرادی

راولپنڈی (سٹاف رپورٹر،این این آئی)ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے کشمیر کے معاملے پر وزیراعظم اور آرمی چیف کے دورہ چین کوانتہائی کامیاب قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ چینی صدر نے یقین دلایا جب بھی پاکستان کو ضرورت پڑی چین خاموش نہیں بیٹھے گا،پاکستان پر حملہ چین پر حملہ تصور کیا جائیگا،چینی صدر آئندہ سال پاکستان کا دورہ کریں گے،چین ہر شعبے میں پاکستان کی مدد کرے گا۔جمعہ کو سینئر صحافیوں کو بریفنگ دیتے ہوئے انہوں نے کہاکہ چین کا دورہ پہلے سے طے شدہ نہیں تھا، چینی قیادت نے پاکستانی قیادت کو دورہ بھارت سے قبل دعوت دی۔ میجر جنرل آصف غفور نے کہاکہ چین کے دورے میں سی پیک، کشمیر اور دفاعی تعاون پر بات ہوئی ہے،پاکستان نے ستر فیصد کشمیر پر بات کی۔ انہوں نے کہاکہ چینی صدر آئندہ برس پاکستان کا دورہ کریں گے، چینی قیادت نے یقین دہانی کرائی کہ ان کے بھارت سے تعلقات پاکستان کی قیمت پر نہیں ہوں گے۔ انہوں نے کہاکہ چینی صدر نے ہر سطح پر پاکستان کی حمایت کی، چین ہر شعبے میں پاکستان کی مدد کرے گا۔ انہوں نے کہاکہ چینی قیادت نے یقین دلایا کہ پاکستان پر حملہ چین پر حملہ تصور کیا جائے گا۔ چینی صدر نے کہا کہ پاکستان نے ماضی میں چین کی مدد کی ہے۔چینی صدر نے کہا کہ پاکستان میں سول اور فوجی قیادت ملکر کام کررہی ہے جو اچھی بات ہے۔ چین پاکستان کی ہر شعبے میں مدد کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ دورہ چین میں تین نکاتی ایجنڈا تھا۔ ایجنڈے میں مقبوضہ کشمیر، سی پیک اور دفاعی تعاون شامل تھا۔۔چینی صدر نے کہا کہ ہم پاکستانی معیشت کو پھلتے پھولتے دیکھنا چاہتے ہیں۔ چینی صدر نے کہا کہ جب بھی پاکستان کو ضرورت پڑی چین خاموش نہیں بیٹھے گا۔ جبکہ پاکستان کے ساتھ تعلقات میں بھی کوئی تبدیلی نہیں آئے گی۔ پاکستان کی خودمختاری کیلئے چین تعاون جاری رکھے گا۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے چین کو پاکستان میں صنعتیں منتقل کرنے کا کہا۔چین نے ایف اے ٹی ایف میں پاکستان کو تعاون کی یقین دہانی کروائی۔ وزیراعظم نے چینی صدر کو کہا کہ مودی کو حالات سے آگاہ کریں۔ کشمیر پر ظلم ہوگا تو پاکستان خاموش نہیں رہ سکتا۔ کشمیر ہماری رگوں میں خون کی طرح دوڑتا ہے۔ جب ضرورت پڑی پورے وسائل استعمال کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیریوں نے ابھی تک بھارت کے سامنے سر نہیں جھکایا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں