ماہرہ خان اقوام متحدہ کی خیرسگالی سفیر مقرر

اقوام متحدہ کے  ادارہ برائے مہاجرین (یو این ایچ سی آر) نے  اداکارہ ماہرہ خان کو پاکستان میں اپنا  خیرسگالی سفیر مقرر کر دیا۔

یو این ایچ سی آر نے ٹوئٹر پر ماہرہ خان کی ایک ویڈیو شیئر کی  جس میں وہ اقوام متحدہ کا ٹوپی پہنے مہاجر بچوں کے ساتھ وقت گزار رہی ہیں۔مذکورہ ویڈیو کے ساتھ یو این ایچ سی آر نے ماہر خان کو خیرسگالی سفیر مقرر کرنے پر مسرت کا اظہار کیا۔مذکورہ ویڈیو کو ماہرہ خان نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر شیئر کیا اور لکھا کہ ’مہاجرین کی خیرسگالی سفیر بننا میرے لیے ایک بڑے اعزاز کی بات ہے، مجھے اپنے ملک جس نے 40 برسوں سے مہاجرین کے لیے اپنی باہیں پھیلائی ہوئی ہیں، میں پید ہونے پر فخر ہے‘۔اسلام آباد میں اقوام متحدہ کے ہائی کمیشن برائے مہاجرین کی جانب سے ملک کی خیر سگالی سفیر ماہرہ خان کے اعزاز میں تقریب کا انعقاد بھی کیا گیا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ماہرہ خان نے کہا کہ “میں خوش قسمت ہوں کہ اس نیک مقصد کے لیے مجھے منتخب کیا گیا۔” انہوں نے کہا کہ میں اقوام متحدہ کے ادارہ برائے مہاجرین (یو این ایچ سی آر) کی شکر گزار ہوں کہ جنہوں نے مجھ پر اعتماد کیا، اللّہ نے مجھے اس مقصد کے لیے چنا جس پر میں پوری اترنے کی کوشش کروں گی۔ماہرہ خان کا کہنا تھا کہ پاکستانی عوام نے افغان مہاجرین کو کھلے دل سے خوش آمدید کہا، یہی وجہ ہے کہ پاکستان 4 دہائیوں سے 40 لاکھ افغان مہاجرین کی مدد کر رہا ہے۔

یو این سی ایچ آر فوٹو—

انہوں نے مزید کہا کہ ماضی میں مہاجرین کے مسائل کو اتنی اہمیت نہیں دی گئی لیکن یہ بات بھی اہم ہے کہ مہاجرین کا مسئلہ کسی ایک ملک کا نہیں بلکہ پوری دنیا کا ہے۔یاد رہے کہ گزشتہ برس ماہرہ خان نے پشاور میں یو این سی ایچ آر کے کیمپ کا  دورہ کیا تھا جہاں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہمیں بے گھر بچوں کے مستقبل کے لیے مل کر کام کرنا ہوگا کیوں کہ بچے مستقبل کے معمار ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں