فردوس عاشق اعوان نے بھارتی فوجیوں کو ذہنی بیمار قرار دے دیا

اسلام آباد: معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ بھارتی فوجی بی جے پی کے کارندے بن چکے ہیں، دنیا بھارتی فوج کے ذہنی بیماروں کے خلاف سخت ردعمل کا اظہار کرے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے اپنے پیغام میں کہا کہ بھارتی ریٹائرڈ جنرل نے ٹی وی پر گھٹیا بیان دیا، اخلاق سےعاری سوچ مودی کے نازی ازم کا ناقابل تردید ثبوت ہے۔فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ ایسے بیانات کشمیرمیں زندگی معمول پر آنے کے دعوے کی کھلی تردید ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپنی کشمیری ماؤں اور بہنوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔معاون خصوصی برائے اطلاعات نے کہا کہ کشمیری خواتین نے جرات، شجاعت اور بہادری سے بھارتی جبر و ظلم کا مقابلہ کیا، کشمیریوں کی جدوجہد آزادی میں قربانیاں ناقابل فراموش باب ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ بھارتی فوجی بی جے پی کے کارندے بن چکے ہیں، دنیا بھارتی فوج کے ذہنی بیماروں کے خلاف سخت ردعمل کا اظہار کرے۔دوسری جانب اے آروائی نیوز کے پروگرام باخبرسویرا میں گفتگو کرتے ہوئے فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری کی بچگانہ گفتگو کو کوئی سنجیدہ نہیں لیتا، پی پی چئیرمین خیالی پکاؤ بنا کرخود کو تسلیاں دے رہے ہیں، بلاول بھٹو وزیراعظم پر تنقید کر کے اپنا قد بڑھانا چاہتے ہیں۔فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ آوارہ کتے مار نہیں سکتے، وزیراعظم کو گھر بھیجنے کی بات کر رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ سندھ میں پی پی کے مینڈیٹ پر سوالیہ نشان اٹھ رہے ہیں۔یاد رہے کہ گزشتہ روز بھارتی فوج کے سابق جنرل ایس پی سنہا نے کھلے عام کشمیری خواتین سے درندگی کی حمایت کی تھی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں