دو بڑی جماعتیں آمادہ، اے پی سی کی حتمی تاریخ کا اعلان جلد متوقع

لاہور: آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی) کے لیے اپوزیشن کی جانب سے لائحہ عمل کی تیاری جاری ہے، پیپلزپارٹی اور ن لیگ میں رابطے تیز ہوگئے، اے پی سی کے انعقاد کے لیےدونوں جماعتیں آمادہ ہوگئیں۔

تفصیلات کے مطابق حکومت کے خلاف محاذ میں بلاول بھٹو کی بھی کوششیں تیز ہو گئیں۔ ن لیگ اور پیپلز پارٹی رہنماؤں کا آج بلاول ہاؤس میں اجلاس ہوگا، جس میں اپوزیشن کے کردار، مشترکہ لائحہ عمل اور اے پی سی سے متعلق تجاویز کا جائزہ لیا جائے گا۔ اے پی سی کی حتمی تاریخ کا اعلان رواں ہفتے ہونے کا امکان ہے۔ذرایع پیپلزپارٹی کا کہنا ہے کہ بلاول بھٹو اپوزیشن جماعتوں سے رابطوں پر ہوم ورک کرچکے ہیں، اس حوالے سے چیئرمین کی ہدایت پر کمیٹی بھی تشکیل دے دی گئی ہے۔مسلم لیگ ن کی قیادت نے بھی اہم رہنماؤں کو معاملات کو حتمی شکل دینے کی ہدایت کردی۔ اپوزیشن کی دونوں بڑی جماعتیں آل پارٹیزکانفرنس کو کامیاب بنانے پر متفق ہیں۔دوسری جانب جے یو آئی ف کے زیر اہتمام کراچی میں اے پی سی کی تیاریاں جاری ہیں تاہم مرکزی رہنماؤں کی شرکت کے سلسلے میں بڑی سیاسی جماعتیں تذبذب کا شکار ہو گئی ہیں۔ ذرایع کا کہنا ہے کہ پی پی اور ن لیگ جے یو آئی ایف کی قیادت میں اے پی سی میں شرکت نہیں کرنا چاہتے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں