خورشید شاہ کی گرفتاری سے سیاسی صورتحال پر کوئی اثر نہیں پڑے گا، وزیر داخلہ

کوئٹہ: وفاقی وزیر داخلہ اعجاز احمد شاہ نے کہا ہے کہ کشمیر کی صورتحال کے پیش نظر مولانا فضل الرحمن اسلام آباد دھرنا نہ دیں۔ خورشید شاہ کی گرفتاری سے سیاسی صورتحال پر کوئی اثر نہیں پڑے گا جبکہ نواز شریف سمیت کسی سے حکومت ڈیل نہیں کر رہی۔یہ بات انہوں نے کوئٹہ میں میڈیا کے نمائندے سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ ان کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمن خود کشمیر کمیٹی کے 10سال تک چیئرمین رہ چکے ہیں، وہ اسلام آباد کے لاک ڈاؤن کا شوق پورا کر لیں، کچھ نہیں ہوگا۔وزیر داخلہ اعجاز شاہ کا کہنا تھا کہ خورشید کی گرفتاری کے بعد اپوزیشن حکومت کو کوئی ٹف ٹائم نہیں دی سکتی۔ غلط کام کرنے والے ٹف ٹائم کس طرح دیں گے؟
انہوں نے اس تاثر کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف سے حکومت کوئی ڈیل نہیں کر رہی، انہیں نیب نے گرفتار کیا ہے، نیب والے کر سکتے ہیں پلی بارگین وغیرہ۔اعجاز احمد شاہ نے کہا کہ وہ کوئٹہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارکردگی دیکھنے آئے تھے، جو قابل ستائش ہے، کم وسائل میں اچھا کام کر رہے ہیں، کوئٹہ سیف سٹی پروجیکٹ پر کام ہو رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے حوالے سے بھارت اور افغانستان کو اپنے انداز میں آگاہ کیا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت کا اپنے اتحادیوں کے ساتھ کوئی اندرونی اختلاف نہیں ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں